کوئٹہ(ای این این ایس) کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن سے اغواء کیے جانے والے دس سالہ شیر علی کی جلی ہوئی لاش پشین کے قریب سرانان سے لیویز نے برآمد کرلی ہے۔
15 فروری کو کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن سے دس سالہ بچے شیرعلی کو اغواء کیا گیا تھا۔ ملزمان بار بار والدین سے تاوان کا مطالبہ کرتے رہے، پولیس نے تین ملزمان افتخار، مہدی اور باقر کو گرفتار کرکے انکی نشاندہی پر کوئٹہ پولیس اور پشین لیویز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پشین کے قریبی علاقے سرانان سے ملزمان کے چوتھے ساتھی راؤ شہزاد کو گرفتار کرکے پُل کے نیچے سے دس سالہ بچے کی لاش برآمد کرلی۔
اسسٹنٹ کمشنر پشین حضرت ولی کاکڑ کے مطابق لاش ضروری کارروائی کے بعد کوئٹہ پولیس کے حوالے کردی گئی ہے، جبکہ واقعے کی ایف آئی آر بھی کوئٹہ پولیس درج کریگی۔