شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی کی طالبہ کو جنسی حراسان کرنے کا انکشاف
شکایت کرنے والا والد گرفتار کردیا گیا، وی سی نے خاموش رہنے کا کہا، طالبہ کا الزام
نواب شاہ(ای این این ایس)شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی کے انگلش ڈپارٹمنٹ کی فائنل ایئر کی طالبہ فرزانہ نے اتوار کے روز نواب شاہ پریس کلب میں اپنے ماموں اقبال جمالی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انگلش ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین عامر خٹک اسے جنسی حراساں کر رہا ہے۔
“مجھے کہتا ہے کہ ذاتی طور پر میرے پاس آفس میں آو، ملاقات کرو اور انکار کرنے پر امتحان میں فیل کرنے اور یونیورسٹی سے خارج کرنے کی دہمکیاں دیتا رہا جس کی وجہ سے میں ذہنی اذیت میں مبتلا ہوں اور خود کشی کرنے پر مجبور ہوگئی ہوں۔طالبہ فرزانہ جمالی نے بتایا کہ مجھے اتنا مجبور کیا گیا جو مجبور ہوکر میں نے اپنے والد کو بتایا جس پر میرا والد وائس چانسلر ارشد سلیم کے پاس شکایت کرنے پہنچا تو وائس چانسلر نے میرے والد کو خاموش رہنے کے لئے کہا اور جب میرے والد نے انکار کیا تو جھوٹہ مقدمہ درج کراکے گرفتار کرادیا۔
طالبہ فرزانہ نے الزام عائد کیا کہ جنسی حراسمنٹ کا سرپرست وائس چانسلر ارشد سلیم خود ہے یونیورسٹی میں طالبات کی عزت محفوظ نہیں ہے۔ دوسری جانب سے اس سلسلے میں جب یونیورسٹی کے ترجمان کاشف نورانی سے رابطہ کر کے الزامات کے متعلق موقف لیا گیا تو یونیورسٹی ترجمان نے بتایا کہ طالبہ کی شکایت پر وائس چانسلر نے تین رکنی کمیٹی بنادی ہے جو کہ تین روز میں انکوائری کر کے رپورٹ دے گی۔