صدر آصف زرداری کا وندر ڈیم کے کمانڈ ایریا سمیت بلوچستان میں زمینی معاملات میں کوئی عمل دخل نہیں ہے، زہری - Eye News Network

صدر آصف زرداری کا وندر ڈیم کے کمانڈ ایریا سمیت بلوچستان میں زمینی معاملات میں کوئی عمل دخل نہیں ہے، زہری

0

حب (رپورٹ: اللہ بخش کمبوہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، صدر آصف علی زردار ی کے ترجمان برائے بلوچستان و صوبائی مشیر صنعت میر علی حسن زہری نے سابق رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی کی جانب سے صدر مملکت آصف علی زرداری پر لگائے گئے تمام الزامات کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے ۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ اسلم بھوتانی کی جانب سے صدر مملکت آصف علی زرداری پر لگائے گئے الزامات کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتا ہوں، صدر آصف علی زرداری کا وندر ڈیم کے کمانڈ ایریا سمیت بلوچستان میں زمینی معاملات میں کوئی عمل دخل نہیں ہے اور نہ ہی ان کا علاقے میں فیکٹریوں سے کوئی تعلق ہے ۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری یا ان کے خاندان کے کسی بھی فرد یا کسی عملے کے نام یہاں کوئی زمین نہیں ۔ اسلم بھوتانی کا صدر آصف علی زرداری کووندر ڈیم کے کمانڈ ایریا کی زمینوں کے معاملات میں ملوث کرنا ان کی شخصیت کو بدنام کرنے اور ان کی کردار کشی کے مترادف ہے جس پر میں انہیں متنبہ کرتا ہوں کہ وہ اس سے باز رہیں اور آئندہ صدر آصف علی زرداری کیخلاف گھٹیا بیانات سے گریز کریں بصورت دیگر ان کیخلاف معزز عدالت میں دس ار ب روپے ہتک عزت ہرجانے کا کیس دائر کیا جائے گا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ اسلم بھوتانی بلوچستان میں زمینوں پر قبضے کرتا رہا ہے جس نے بہت سی زمینوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور میں اسے ثابت کرسکتا ہوں او ر حب بلوچستان میں بھی ناجائز کاروباری سرگرمیاں کر رہا ہے ، ایف آئی آر میں نامزد ان کے بھتیجوں کیخلاف پولیس کی حا لیہ کارروائیاں قانون کی پاسداری کیلئے انتظامیہ کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ اسلم بھوتانی کی دہشتگردی پیدا کرنے اور ریاستی ترقیاتی اسکیموں کیخلاف مذاحمت کی تاریخ کو تسلیم کرنا ضروری ہے ۔ وہ نئے آئی جی بلوچستان سے دوستی کے دعوے کر رہا ہے کہ مجھے کوئی کچھ نہیں کر سکتا ، کیونکہ نئے آئی جی بلوچستان سے میرے بڑے قریبی تعلقات ہیں یہی وجہ ہے کہ میرے بھائی قربان علی زہری پر دن دہاڑے قاتلانہ حملہ کرایا گیا جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے چھاپے مارے ہیں اور اس کارروائی پر اسلم بھوتانی بلبلا اٹھے ہیں ، ان کے خواب و خیال میں بھی نہیں تھا کہ قانون ان کے خلاف حرکت میں آسکتا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ حواس باختہ ہو کر صدر آصف علی زرداری کی کردار کشی پر اتر آئے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ یہ چھاپے ملک کی بااثر شخصیت لگوا رہی ہے جو ہم سے وندر ڈیم کی 15ہزار ایکڑ اراضی کو کورٹ کے ذریعے رکوانے کی وجہ سے ناراض ہےں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ اسلم بھوتانی کے قبضے بند ہو رہے ہیں ، بھتہ خوری بند ہورہی ہے جس کی وجہ سے ان کا دماغ کام کرنا چھوڑ گیا ہے ، میرا عزم ہے کہ حب کے عوام کی بے لوث خدمت کے سلسلے کو جاری رکھوں اور ایسے ظالم انسان کے ظلم سے علاقے کے عوام کی حفاظت کروں۔تاریخ گواہ ہے کہ بھوتانیوں نے یہاں کے عوام پر لمبے عرصے سے ظلم کے سلسلے کو جاری رکھا ہوا تھا جس کا اب خاتمہ ہونے جارہا ہے ۔

About Author

Leave A Reply