نوشہروفیروز(ای این این) ہم سندھ کے پانی کی فراہمی پر کبھی سودیبازی نہیں کریں گے، محترمہ شہید بھٹو نے ماضی میں کموں شہید کے مقام پر دھرنے میں شرکت کرکے ثابت کردیا کہ سندھ پی پی کے لیے سب سے اہم ہے۔
ان خیالات کا اظہار رکن سندھ اسمبلی ممتاز علی چانڈیو نے پریس کلب مٹھیانی رجسٹرڈ کی نومنتخب باڈی کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہم سندھ کا پانی چوری نہیں ہونے دیں گے۔ پی پی ایک جمہوری جماعت ہے اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔
ممتاز علی چانڈیو نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ صحافیوں کو اعتماد میں لیا جائے گا اور پیکا میں ترمیم ضروری ہوئی تو کی جائیگی۔ ہم آزادی صحافت کے حوالے سے واضح ہیں کہ آزاد میڈیا کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی۔
اس موقع پر انہوں نے پریس کلب مٹھیانی رجسٹرڈ کے لیے پلاٹ اور عمارت کا اعلان بھی کیا جب کہ مٹھیانی کو کھیلوں کا میدان فراہم کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن لالا حسن پٹھان نے کہا کہ صحافی کالے قانون پیکا کو کبھی قبول نہیں کریں گے اور آزادی صحافت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ نواز لیگ کی حکومت ہمیشہ آمرانہ قوانین لائی جن کا پی پی کو حصہ نہیں بننا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ پانی سندھ کا ہے اور اس کی چوری کا عمل بند ہونا چاہیے۔
تقریب سے عبدالرحیم پںہور، عتیق الرحمان قریشی، صدر صوبدار علی مشوری، شوکت علی بوہیو ایڈوکیٹ، امین الدین خاصخیلی ایڈوکیٹ، عمران چنا، نواب اصغر کورائی، لالہ انور پٹھان، خالد حسین چانڈیو، فرہاد مستوئی، رانا سرور، محبوب ملاح، امیر ملک، تنویر ملک، ظفر بھرٹ اور دیگر نے خطاب کیا اور شرکت کی۔