ڈیرہ اسماعیل خان( ای این این ایس)ڈیرہ اسماعیل خان خواجہ سرا یونین کی صدر گرو لیلیٰ نے کہا ہے کہ ڈیرہ میں متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے علاوہ کسی بھی سیاسی جماعت یا آزاد امیدوار نے خواجہ سراوں سے ووٹ تک مانگنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔
ایک ملاقات میں خواجہ سرا سوہانہ، زندگی، ماریہ، چاہت گل، ماہی، کشش، گرو خالد کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے یونین کے صدر گرو لیلیٰ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے خواجہ سراوں کو ووٹ کا حق دینا قابل ستائش ہے مگر عام شہری تو چھوڑیں جب عوام کی اسمبلی میں نمائندگی کا خود کو اہل سمجھنے والے امیدوار ہی خواجہ سراوں جیسے معاشرہ کے مظلوم طبقہ کو ووٹ جسے عمل میں اپنے ساتھ شریک ہی نہیں کرنا چاہتے تو ہمیں دکھ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر شہروں میں خواجہ سراوں کو الیکشن مانیٹرنگ کارڈز جاری کئے گئے جبکہ ڈیرہ میں ہمیں پوچھا تک نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے امیدوار ملک مشتاق ڈار کے ساتھیوں کی جانب سے ہم سے رابطہ کیا گیا اور کتاب کے نشان کے لیئے ووٹ مانگا گیا۔ووٹ ہم اپنی مرضی کے امیدوار کو دینگے مگر ایم ایم اے کی جانب سے ووٹ مانگنا ہماری حوصلہ افزائی کاباعث بنا ہے ۔