جعفرآباد(رپورٹ: اویس شیخ) ڈیرہ اللہ یار میں جنونی دودھ فروش نے دکان کے سامنے پٹاخہ پھوڑنےپر 13 سالہ بچے کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ رپورٹ کے مطابق ڈیرہ اللہ یار شہر کے ڈی سی چوک پر 13 سالہ ندیم عرف شان ولد دادمحمد گولہ نے دودھ فروش گوالے کے دکان کے سامنے پٹاخہ پھوڑا، جس پر گوالے نے بچے کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین کے مطابق بچہ دودھ فروش گوالے کے تشدد کے باعث چیختا چلاتا رہا تاہم کسی کو بھی معصوم بچے پر رحم نہیں آیا کمسن بچہ دودھ فروش کے بہیمانہ تشدد کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا۔جب کہ ملزم دودھ فروش اپنی دکان بند کرکےفرار ہوگیا۔
کمسن بچے کی لاش نصف گھنٹے تک جائے وقوع پر پڑی رہی۔ بعد ازاں اطلاع ملنے پر ورثاء نے پہنچ کر پولیس تھانہ میں اطلاع دی۔
پولیس نےموقع پر پہنچ کر لاش اپنی تحویل میں لے کر سول اسپتال ڈیرہ اللہ یار پہنچائی جہاں سے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچے کی موت سینے اور پسلیوں میں شدید اور گہری چوٹیں لگنے سے واقع ہوئی ہے۔
دوسری جانب ایس ایچ او ڈیرہ اللہ یار تھانہ گل حسن بہرانی نے ای این این کو بتایا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے دودھ فروش کے سامنے جب بچے نے پٹاخے پھوڑے تو دودھ فروش تیش میں آگیا اور بچے کو زدوکوب کیا۔پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے جلد ہی مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا جائے گا۔