حب (اللہ بخش کمبوہ) سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضہ و غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے اسسٹنٹ سب رجسٹرار عبدالسلام بلوچ کو ذمہ داری دی گئی ہے ۔اس حوالے سے بتا یا جا تا ہے کہ ضلعی انتظا میہ نے حب شہر میں سرکاری اراضیات پر قبضہ اور تجا وزات کے خاتمے کے لیئے با قاعدہ کا روائیوں کا فیصلہ کر لیا ہے ۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر حب منیر احمد موسیا نی کے آفس سے جا ری ایک نو ٹیفکیشن کے مطابق اسسٹنٹ سب رجسٹرار حب عبد السلام بلو چ کو قبضہ مافیا اور بغیر این اوسی کے تعمیرات کے خاتمے کا حب میں انچارج کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے ۔عبد السلام بلوچ نے حب با ئی پاس اور حب شہر کی شاہراہوں پر بغیر این او سی تعمیرات کرنے والوں کو سختی سے ہدایت جا ری کی ہے کہ وہ اپنی غیر قانونی تعمیرات کو رضا کا رانہ طور پر ختم کریں بصورت دیگر سخت کا روائی عمل میں لائی جا ئے گی۔
حب ( ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء و سابق چیئرمین غلام مصطفیٰ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہاہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 45 ویں یوم شہادت کے موقع پر ان کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک ایسے لیڈر تھے جن کو غریب عوام سے پیار کی سزا دی گئی لیکن آج بھی عدالتی نظام شہید بھٹو کا مقروض ہے ،شہید ذوالفقار علی بھٹو جمہوری عوامی لیڈر تھے ہمیشہ عوام کی خاطر ہر محاذ پر ڈٹے رہے ، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو عالمی سیاست کا ایسا درخشاں ستارہ ہیںجو سندھ کی دھرتی پر نمودار ہوا اور اس نے اپنی سوچ اور کردار کی بناءپر نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کے ساتھ ساتھ تیسری دنیا کے مظلوموں، محروموں اور بے کسوں کواپنے بنیادی انسانی حقوق، سماجی ترقی اور خوشحالی کی ایسی راہ دکھائی کہ دنیا بھر میں آج بھی اس کے نام کا ڈنکا گونجتا ہے، 5 جنوری 1928 ءکو لاڑکانہ کے گاؤں میں پیدا ہونے والا وہ گوہر نایاب ثابت ہوا کہ اس نے عالمی سیاست کے بڑے بڑے طاقتور بتوں کو گہنا دیا، گو یہ جس نے اپنے علم و ہنر،دانشمندانہ فکری نظریات اور دور اندیشی کی سیاست سے دنیا بھر کی سامراجی،استعمار کی آمریتوں کو شکست دی
حب ( )محکمہ ماحولیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر طارق بلوچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شبیر بلوچ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد موسی رونجھو نے تھل لمیٹڈ کمپنی میں ماحول دوست پودے لگائے ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی اے طارق بلوچ نے میڈیا کو بتایا کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ،ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف ای پی اے ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائے گی ۔انھوں نے مزید کہا ہے کہ صنعت کار فیکٹری مالکان کو چاہئے کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی واقع ہوگی۔ اس موقع پر تھل لمیٹڈ کمپنی کے جی ایم سعید احمد ودیگر کمپنی اسٹاف موجود تھے۔
حب ( ) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا ٹی ایل پی کے مرکزی رہنما اکبر لاسی سے رابطہ ،ضمنی انتخابات اور دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیالات کیا ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تجارت و مسلم لیگ (ن )کے مرکزی رہنما جام کمال خان عالیانی نے تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی رہنما سابق ٹکٹ ہولڈر حلقہ این اے 257 وحلقہ پی بی 22 اکبر لاسی سے بذریعہ ٹیلی فون پر رابطہ کیا ۔گزشتہ شب ہونے والے ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں رہنماو¿ں کے درمیان 21 اپریل کو حلقہ پی بی 22 کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور دیگر سیاسی امور پر بھی باہمی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ٹی ایل پی کے مرکزی رہنما اکبر لاسی نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کو ضمنی انتخابات کے حوالے سے اپنی مرکزی قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی بات کرنے کا یقین دلایا ۔واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے نامزد امیدوار اکبر لاسی نے 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں اچھی پوزیشن کے حامل امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں ۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان عالیانی نے اپنی خالی کردہ نشست پی بی 22 پر نواب زادہ میر زرین مگسی کو (ن) لیگ کی ٹکٹ پر نامزد کیا ہے۔
حب ( )حب شہر میں امن و امان کی بگڑتی ہو ئی صورتحال اور عید الفطر کے پیش نظر حب سرکل کے تمام تھانے داروں اور سی آئی اے انچارجز نے اپنے اپنے علا قوں میں اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ شروع کردیا ۔ ایس ایس پی حب منظور احمد بلید ی کی ہدایت ڈی ایس پی سی آئی اے عارف بلوچ کی نگر انی میں ایس ایچ او حب سٹی تھانہ راشدعلی بزنجو ، ایس ایچ او بیروٹ گل حسن ، ایس ایچ او ساکران محمد جان ساسولی ، ایس ایچ او گڈانی شعیب پالاری ، انچارج سی آئی اے حب عبد الحکیم رونجھو ، انچارج سی آئی اے ملک عبد الجبار رونجھو نے اپنے اپنے علا قوں میں اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ اس دوران انہو ںنے آنے جانے والی مشکوک موٹر سائیکلوں ،گاڑیوں و مشکوک اشخاص کی چیکنگ کی اس موقع پر پو لیس افسران کا کہنا تھا کہ شہری پریشانی سے بچنے کے لیے گھر سے نکلتے وقت موٹر سائیکلوں و گاڑیوں کے کاغذات اپنے ہمراہ رکھیں۔ پولیس امن و امان کی بحالی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ امن و امان کی بحالی کے لئے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں بھی جاری رہیں گی۔
حب ( )عوامی نیشنل پارٹی حب ولسبیلہ کے صدر لالہ منان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حب شہر اور گردونواح میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ تشویشناک ہے اعلیٰ پولیس حکام فوری نوٹس لے اور ناقص کارکردگی کے پولیس افسران کے خلاف کاروائی کریں ۔انہوں نے کہا کہ حب میں امن امان کی صورتحال پہلے کبھی اتنی خراب نہیں ہوئی جتنی اب دکھائی دیتی ہے جرائم پیشہ عناصر شہر میں دندناتے پھرتے ہیں اور وارداتیں کرکے آسانی سے فرار ہوجاتے ہیں نہ کسی کی نقدی محفوظ ہے نہ کسی کی دکان محفوظ ہے نہ کسی کی گاڑی محفوظ ہے اور نہ ہی کسی کی موٹرسائیکل محفوظ ہے دن دیہاڑے نامعلوم مسلح ڈاکو لوگوں کی نقدی اور موبائل چھین کر رفو چکر ہوجاتے ہیں پولیس بے بس دکھائی دیتی ہے شہری خصوصا تاجر برادری عدم تحفظ کا شکار ہے۔ لالہ منان افغا ن نے کہا کہ یہاں کے شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے جرائم کی مختلف وارداتوں میں تشویشناک حدتک اضافہ ہوچکا ہے، اے این پی امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پولیس کے اعلیٰ حکام سمےت ڈی سی حب اور کمشنر قلات ڈویژن سے مطالبہ کرتی ہے کہ حب میں جرائم کی روک تھام اور پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں جن پولیس تھانوں میں نفری کی کمی ہے اسے جلد سے جلد پورا کیا جائے شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں پولیس گشت بڑھایا جائے
حب ( ) ہائیٹ تھانہ کی حدود میں نذر چورنگی پر ہندو تاجر کی دکان میں ڈکیتی کی واردات، تین مسلح ڈاکو ڈیڑھ لاکھ روپے کیش اور ایک موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے، قبل ازیں مسلح ڈاکو ایک فیکٹری کے متعدد محنت کشوں سے انکی تنخواہیں لوٹ کر رفو چکر ہوگئے جبکہ حب سٹی تھانہ کی حدود میں مرشد کریانہ کی دکان میں ہندو تاجر کپیل کی دکان سے لاکھوں روپے کی نقدی ،موبائل فونز اور دکان پر کھڑے دو گاہکوں کو بھی لوٹ لیا اور جاتے ہوئے گاہکوں کی موٹر سائیکل بھی لے اڑے ۔واضح رہے کہ پچھلے دو ماہ کے دوران حب ،ہائیٹ، گڈانی اور ساکران تھانہ کی حدود میں لوٹ مار، ڈکیتی ،چوری اور موٹر سائیکلیں و موبائل فونز چھیننے کی سینکڑوں وارداتیں ہوچکی ہیں۔
حب ( )ہائیٹ پولیس کی ڈرامائی انداز میں کاروائی ،چوری کے کیس میں مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا ،تفتیش جاری۔ ایس ایس پی حب منظور احمد بلیدی و اے ایس پی احمد طلحہ ولی کی ہدایات پر ہائیٹ پولیس نے ایس ایچ او ہائیٹ عبدالرشید اوراے ایس آئی ناصر بلوچ کی پولیس پارٹی کے ہمراہ ڈرامائی انداز میں کاروائی کر کے 20 لاکھ روپے رقم سے زائد کے چوری کے کیس ایف آئی ار نمبر 7/24 میں مطلوب ملزم منور کو گرفتار کر کے ہائیٹ تھانہ منتقل کردیا، مزید تفتیش جاری ہے۔ہائیٹ پولیس تھانہ کے ایس ایچ او عبدالرشید نے کہا کہ ہائیٹ پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کاروائی جاری رکھے گی۔