کراچی(ای این این ایس) جامعہ کراچی اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔
اس حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس کے بعد دونوں ادارے باہمی دلچسپی کے امور پر کام کرسکیں گے۔
جامعہ کراچی کے پانچ رکنی وفد نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجینسی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ معاہدے کے مطابق دونوں ادارے سیمینارز کے انعقاد، طلباء کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے پروگرامز، مضامین کی اشاعت سمیت مختلف سرگرمیوں پر مل کر کام کریں گے۔
جامعہ کراچی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی نمائندگی ڈائریکٹر جنرل ریئر ایڈمرل محمد شعیب خٹک نے کی۔
آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عالیہ رحمٰن، مینجر ریسرچ آپریشنز ڈاکٹر اسماء تبسم اور شعبہ ابلاغ عامہ سے فوکل پرسن اسسٹنٹ پروفیسر ثمینہ قریشی بھی ہمراہ موجود تھیں۔
پی ایم ایس اے کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل فیصل صادق، ڈائریکٹر ٹریننگ کمانڈر فاروق، ڈائریکٹر آپریشنز کمانڈر عبداللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ لیفٹیننٹ تیمور بھی تقریب میں شریک تھے۔