نیب کی 37 میں سے 25 ہدایات پرعمل کرلیا،وی سی کراچی یونیورسٹی کی وزیر اعلیٰ سندھ کو آگاہی - Eye News Network

نیب کی 37 میں سے 25 ہدایات پرعمل کرلیا،وی سی کراچی یونیورسٹی کی وزیر اعلیٰ سندھ کو آگاہی

0

 کراچی (ای این این) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی یونیورسٹی سے متعلق وزیرا علیٰ ہائوس میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر اجمل خان، سیکریٹری یونیورسٹی اینڈ بورڈز ریاض الدین، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو  نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی یونیورسٹی کے معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلیے وی سی کو ہدایت  کرتے ہوئے  کہا کہ کراچی یونیورسٹی معیار تعلیم کی وجہ سے پورے ملک میں مشہور تھی  اور مجھے وہی پہلے جیسا تعلیمی معیار چاہیے۔ سندھ حکومت  معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے  کوشاں ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر  سے   کہا کہ نیب نے  37 ہدایات کراچی یونیورسٹی کو معیار تعلیم اور بہتر گورننس کیلیے دی تھیں اس پر کتنا عملدرآمد ہوا، جس پر وی سی نے  کہا کہ 37 میں سے 25 ہدایات پر عمل ہوچکا ہے، باقی پر عمل جاری ہے۔

مراد علی شاہ نے مزید  کہا کہ   تعلیم  کےمعیار کی بہتری کے لیے حکومت سندھ ،کراچی یونیورسٹی کو ہر قسم کی مدد کرتی رہے گی۔وزیراعلیٰ  سندھ نے  سیکریٹری  یونیورسٹی کو ہدایت  دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے مسائل کے بارے میں وقتاً فوقتاً انہیں رپورٹ پیش کرتے رہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے  وی سی  کو یہ بھی ہدایت کی کہ بے نظیر بھٹو چیئر کیلیے چیئرمین کی اسامی جلد سے جلد پر کی جائے۔یونیورسٹی کی مختلف چیئرز اپنے اپنے شعبوں میں تحقیق کرکے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر  کی رہنمائی کرتے رہیں۔

  دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  نے ملیر میں ماں،  بیٹی کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے   ایڈیشنل آئی جی کراچی  کو ہدایت کی کہ قاتلوں کو فوری  گرفتار کیا جائے اور واقعے کی تفصیلی رپورٹ جلد از جلد  پیش کریں ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے  متاثرہ خاندان  کے ساتھ افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ  متاثرہ خاندان کے ساتھ ہر قیمت پر انصاف ہوگا۔

About Author

Leave A Reply