ایبٹ آباد(رپورٹ: دلدار ستی)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب کا کالا قانون ہے ہم چاہتے ہیں ملک میں جمہوریت ہو لیکن جب الیکشن چوری ہوتا ہے اسکا اثر عوام پر ہوتا ہے آپ نے آج دیکھ لیا ہےجس طرح مہنگائی کا سیلاب آیا ہے،جس طرح معیشت تباہ ہوئی ہے، حکومت کے چھ مہینے ہوچکے ہیں لیکن عوام پر جو بوجھ ڈالا گیا اسکی مثال نہیں ملتی۔صوبہ ہزارہ کیلئے مسلم لیگ ن نے قرار داد جمع کروائی ہے نئے صوبوں کا قیام اتفاق راء سے ہوگا۔
وہ یہاں ایبٹ آباد مسلم لیگ ن کے ضلعی سیکر ٹریٹ میں کارکنان سے خطاب کررہے تھے جبکہ اس موقع پر مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام،صوبائی جنرل سیکرٹری ایم این اے مرتضیٰ جاوید عباسی، ایم این اے سجاد اعوان،سابق امیدوار قومی اسمبلی ملک محبت اعوان، ایم پی اے ضلعی صدر سردار اورنگزیب نلوٹھہ،سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ملک ارشد اعوان، ملک شفیق اعوان،سردار عبدالرشید،محمد خان سواتی،ندیم مغل، سابق ممبر صوبائی اسمبلی سردار شمعون یار خان،ایوب آفریدی،تحصیل ناظم حویلیاں سردار ارسل سمیت و دیگر بڑی تعداد میں موجود تھے۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت ناہل اور کرپٹ حکمرانوں کے ہاتھ میں ہے، 6 ماہ کے دوران گیس کی قیمتوں میں 3 سو فیصد اضافہ کیا ہے،میں نے ان سے کہا کہ دو افسران بھیج دیں میں ان کو بتاوں گا کس طرح عوام پر بوجھ ڈالے بغیر مسئلہ حل ہو سکتا ہے،یہ ممکن نہیں ہے حکومت چھ سو روپے میں خرید کر 13 سو کی بیچے،جبکہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے پانچ سال گیس کی قیمتیں بڑھنے نہیں دیں۔ جیل میں رہ کر بھی سیاست کا محور ہیں۔
انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کو عدالت نے ضمانت دی یہ بدنصیبی ہےکہ حکومت نےنام ای سی ایل میں ڈالا ہو ا ہے۔میاں نواز شریف کا فیصلہ جلدآجائے گا جو فیصلہ ہو سر آنکھوں پر۔ہم نے پہلے بھی ان چیزوں کو قبول کیا ہے چائیے اس میں فائدہ ہو یا نقصان ہو،کیونکہ جب عدالتوں سے اعتماد ہٹ جائے تو ملک چلانا مشکل ہو جاتاہے۔