کوٹ(رپورٹ: نوید اکرم)خیبر پختونخوا کے علائقہ سرکل بکوٹ گلیات کے عوام تبدیلی سرکار سے مایوس ہوگئے برف باری کے بعد دو ماہ سے بکوٹ نتھیاگلی روڈ اور منتخب ممبر صوبائی اسمبلی نزیر احمد عباسی کی آبائی یونین کونسل بکوٹ اور انکے گھر کھن کلاں کی سڑکوں سے برف صاف نہ ہوسکی۔ایم پی اے نزیر احمد عباسی روایتی سیاستدانوں کی طرح ٹھکیہ دار و خوشامدی ٹولے کے نرغے میں ہیں۔
خیال رہے کہ اس ٹولے کے تمام کردار ماضی میں نزیر احمد عباسی کے مخالف، جبکہ مسلم لیگ، سردار مہتاب احمد عباسی، انکے فرزند شعمون یار اورانکے کزن سردار فرید عباسی کے گرد ہوتے تھے۔ان خوشامدی مافیا کے مشوروں سے عوام کو فائدہ نہیں بلکہ آنے والے دنوں میں ممبر صوبائی اسمبلی اور چئیرمین ڈیڈک کمیٹی ایبٹ آباد اس مافیا کے ہاتھوں پریشان ہوں گے۔حالیہ سردیوں کے موسم میں سرکل بکوٹ کے تمام ہسپتالوں میں طبعی عملہ اور ادویات ناپید ہو چکی ہیں، جبکہ بکوٹ نتھیاگلی روڈ، نتھیاگلی کھن کلاں روڈ مکمل بند رہی۔
عوام علاقہ کو اپنے ضلعی ہیڈکوارٹر ایبٹ آباد جانے کے لیے آزادکشمیر مانسہرہ سے ہو کر ایبٹ آباد جانا پڑتا ہے اور نتھیاگلی بکوٹ روڈ پر ڈرائیور لوگ خود راستہ بنا کر موت کا سفر کرنے پر مجبور ہیں اس سے کسی بھی وقت کوئی بہت بڑا سانحہ ہوسکتا ہے جبکہ ممبر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخواہ نزیر احمد عباسی اپنے مشیروں کے مشوروں پر ایبٹ آباد میں بیٹھ کر عوامی کچہری لگا کر فوٹو سیشن کرتے ہیں۔
عوام علاقہ کا مطالبہ ہے کہ نزیر عباسی ممبر صوبائی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی ممبر قومی اسمبلی اور دیگر ممبران ضلع کونسل تحصیل کونسل اپنے حلقہ میں اس مشکل کی گھڑی میں رہیں عوام کو سہولیات فراہم کریں۔