پشاور (ای این این) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے تھانہ ہوید کی حدود میں ہونے والے دھماکے میں میاں بیوی سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ہوید کی حدود ویدون لنڈیڈاک میں سکول ٹیچر برکت اللہ کے گھر میں کمرے کے اندر زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں گھر کے چھ ا فراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں مالک مکان سکول ٹیچر برکت اللہ اُن کی بیوی فرہاد بی بی، چار بچے کلیم اللہ عمر 17سال، فہیم اللہ عمر 15سال، بسنہ بی بی عمر 7سال اور دو سالہ فرید اللہ شامل ہیں،جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لا یا گیا۔ دھماکہ کی وجوہات آخری اطلاعات تک معلوم نہ ہو سکی، دھماکہ کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق گھر کے تمام افراد دھماکے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔