گلگت (ای این این)امریکن شکاری جون ایمسٹوسو نے گلگت بونجی میں استور مارخور کا شکار کرلیا ۔ غیر ملکی شکاری نے مارخور کے شکار کیلئے ایک لاکھ امریکن ڈالر جو پاکستانی کرنسی میں ایک کروڑ 38 لاکھ روپے بنتے ہیں، میں لائسنس حاصل کیا تھا جس کے بعد انہوں نے بونجی کے علاقے میں مقامی کنزوویشن کمیٹی اور محکمہ وائلڈ لائف کے عملے کی موجودگی میں شکار کیا۔
گلگت بلتستان میں ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے تحت شکار سے حاصل ہونے والی رقم کا 80 فیصد حصہ مقامی کمیونٹی کو دیا جاتا ہے جو مقامی ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوگا، جبکہ 20 فیصد رقم سرکاری خزانے میں جمع کرائی جاتی ہے۔
ٹرافی ہنٹنگ پروگرام 2018-19 گلگت بلتستان کے تحت محکمہ جنگلی حیات نے رواں سال کے لئے استور مارخور کے چار لائسنس بلو شپ کے 14 لائسنس اور آئی بیکس کے 96 لائسنس مختلف شکاریوں کو جاری کئے ہیں ۔